پاکستان میں کرکٹ کھیل کر خوشی ہوگی: واٹسن

دبئی۔3 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں سکیورٹی صورت حال بہتر ہو جائے تو انہیں وہاں کرکٹ کھیل کر خوشی ہوگی۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں انڈیا کے خلاف سیریز کے بعد واٹسن پاکستان سوپر لیگ میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل واٹسن نے کہا کہ انہیں 2005 میں آسٹریلیا اے کیلئے پاکستان میں سیریز کھیلنے کا بہت مزہ آیا تھا۔تاہم کھلاڑیوں کی سکیورٹی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اگر پاکستان کو دنیا بھر کے کھلاڑیوں کیلئے محفوظ قرار دے دیا جاتا ہے تو مجھے وہاں کھیل کر خوشی ہوگی۔ واٹسن نے کہاکہ سکیورٹی تحفظات کے باعث پاکستان کو طویل عرصے سے اپنے وطن میں کھیلنے کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں مل سکا، لیکن امید ہے کہ جلد ہی یہ صورتحال تبدیل ہوگی۔ پاکستان سوپر لیگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اچھی فارم کے ذریعے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔