پاکستان میں مسعود اظہر کے اثاثہ منجمد، سفر پر امتناع

اسلام آباد 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے تمام اثاثہ جات منجمد کردینے، ان کے سفر پر امتناع عائد کرنے اور اسلحہ و گولہ بارود کی خرید و فروخت پر امتناع عائد کرنے کا سرکاری حکم جاری کردیا جبکہ اقوام متحدہ نے کل انھیں عالمی دہشت گرد قرار دیا۔ اقوام متحدہ کی تحدیدات کمیٹی نے مسعود اظہر کے القاعدہ سے روابط کی بنیاد پر انھیں عالمی دہشت گرد قرار دیا۔ جیش محمد نے پلوامہ دہشت گرد خودکش حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی جس کی وجہ سے ہند ۔ پاک تعلقات کی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کو اپنے اعلامیہ میں قرارداد 8 مارچ (2017) پر عمل آوری کا تیقن دیا تھا۔ وفاقی حکومت نے سرکاری عہدیداروں کو اعلامیہ پر عمل آوری کے مناسب اقدامات کا حکم دیا ہے۔ اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد اس وقت قرار دیا جبکہ چین نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی تجویز کی مخالفت سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔ جموں و کشمیر میں جیش محمد کے مہلک دہشت گرد خودکش حملہ کے بعد یہ تینوں ممالک اپنی تجویز کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع ہوئے تھے۔ دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان محمد فیصل نے کہاکہ اظہر پر عائد تحدیدات پر عمل آوری کی فوری کوشش کی جائے گی۔