پاکستان میں صدارتی محل، وزیراعظم کے دفتر کی برقی منقطع

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صدارتی محل اور وزیراعظم سکریٹریٹ کے بشمول 18 کلیدی سرکاری عمارتوں میں کئی کروڑ روپئے بلز کی عدم ادائیگی پر آج برقی سربراہی مسدود کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔ پارلیمانی لارجس اور چیف جسٹس کی سرکاری رہائش گاہ میں بھی برقی سربراہی منقطع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مملکتی وزیر برقی و آبرسانی عابد شیر علی نے یہ احکام جاری کئے اور کہا کہ تمام ادارہ جات اور انفرادی صارفین جنہوں نے بلز ادا نہیں کئے ہیں انہیں برقی سربراہی مسدود کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارلیمانی لارجس، پارلیمنٹ ہاؤس، صدارتی محل اور وزیراعظم کے سکریٹریٹ کی برقی سربراہی فی الفور منقطع کرنے کے احکام میں نے جاری کئے ہیں۔ کروڑوں روپئے مالیتی بلز کی عدم ادائیگی پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے‘‘۔ شیر علی نے کہا کہ بلوچستان میں 70 ارب روپئے مالیتی برقی کا سربراہ کیا جاتا ہے جہاں 16000 ٹیوب ویلس کے غیرقانونی کنکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کی حکومت 56 ارب روپئے مالیتی برقی بلز باقی ہیں۔