پاکستان میں شدید سردی کی لہر، کوئٹہ میں برفباری

کوئٹہ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے اکثر شہروں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ سرحدی قبائیلی شہر کوئٹہ میں برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں 12 ڈسمبر 1974 ء کو اس حد کی سردی ہوئی تھی۔ پاکستان کے اکثر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور کئی شہروں میں کئی دہائیوں کے قائم سردی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے سردی کی موجودہ لہر آئندہ تین سے چار روز تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت صوبہ بلوچستان کے شہر قلات میں ریکارڈ کیا گیا جہاں درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔اس کے علاوہ درجہ حرارت کوئٹہ اور سکردو میں منفی 13، دالبندین میں منفی نو اور پاراچنار اور مری میں منفی آٹھ ڈگری تک پہنچ گیا۔

صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں پیر کی شب درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب صوبہ پنجاب میں بھی شدید سردی ہے اور لاہور شہر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک پہنچ گیا۔ پنجاب کے دوسرے شہروں کی طرح ملتان میں دو، جبکہ گجرات میں درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ 1984 میں اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تاہم اس سے پہلے یہاں سب سے کم درجہ حرارت 1967 میں منفی 3.9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی تین ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ 46 سالوں میں سرد ترین ہے۔واضح رہے کہ 1984 میں اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.8 ریکارڈ کیا گیا تھا۔