پاکستان میں سیلاب، 50 سے زیادہ افراد ہلاک دو لاکھ افراد متاثر

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں سیلاب سے 50 سے زیادہ افراد ہلاک اور دو لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوگئے۔ پورے پاکستان میں مسلسل موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سیلاب آیا ہوا ہے۔ کم از کم 26 افراد صوبہ خیبرپختونخواہ، 5 پاکستانی پنجاب، 7 بلوچستان اور 13 پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے علاقہ گلت ۔ بلتستان میں ہلاک ہوئے۔ اس طرح ہلاکتوں کی جملہ تعداد 51 ہوگئی۔ علاوہ ازیں جملہ 873 مکانات تینوں صوبوں میں تباہ ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب روزنامہ ڈیلی نیوز نے خبر دی ہیکہ زبردست بارش آئندہ تین تا چار دن جاری رہے گی۔ اس کے بموجب سب سے بڑے صوبہ پاکستانی پنجاب میں 366 دیہات اور 2 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوگئے ہیں جبکہ 205366 ایکڑ اراضی تباہ ہوگئی ہے۔ بچاؤ کارکنوں نے مزید 24 نعشیں زیرآب ضلع چترال صوبہ خیبرپختونخواہ سے برآمد کی ہیں۔ پہلے ہی سے زیرآب ضلع میں گذشتہ ہفتہ سے مزید زبردست بارش جاری ہے جس کی وجہ سے سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں اور یہ دورافتادہ علاقہ ضلع ہیڈکوارٹرس سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ ضلع کے علاقہ مورکابو میں بدترین تباہی ہوئی ہے۔ 7 دیہات بہہ گئے۔ یہاں پہلے ہی سے باقی ضلع سے کوئی ربط برقرار نہیں ہے۔ غذا اور ادویہ کی قلت ہے۔ 200 سے زیادہ راحت رسانی کیمپ متاثرہ علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور 50 کروڑ روپئے کے امدادی راحت رسانی پیاکیج کا متاثرہ اضلاع کیلئے اعلان کیا۔ علاوہ ازیں ہر تباہ شدہ مکان کیلئے معاوضہ 5 لاکھ روپئے مقرر کیا گیا ہے۔ زرعی قرضہ جات معاف کردیئے گئے ہیں۔ بارش کا تازہ سلسلہ گذشتہ جمعہ سے شروع ہوا تھا اور امکان ہیکہ مزید دو دن جاری ہے گا۔