پاکستان میں سکیورٹی اندیشے،پولیو مہم کا آخری مرحلہ معطل

اسلام آباد۔ 27 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں انسداد پولیو کے ادارے نے ملک میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ملک میں پولیو مہم کی اس مرحلے کو معطل کر دیا ہے جس میں کسی وجہ سے قطرے نہ پینے والے بچوں کی نشاندہی کر کے انھیں قطرے پلائے جاتے ہیں۔ملک میں انسداد پولیو کے ادارے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر اسلام آباد کے جاری کیے گئے ایک نوٹیفیکشن میں تصدیق کی ہے کہ پانچ روزہ پولیو مہم کے خاتمے کے بعد کسی وجہ سے قطرے نہ پینے والے بچوں کیلئے چلائی جانے والی 14 روزہ مہم کو معطل کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ ’’پشاور میں ہونے والے واقعے کے ملک بھر میں جاری انسداد پولیو مہم پر اثرات کے باعث نیشنل ایمرجنسی آپریشن (این ای او) اسلام آباد نے صوبائی این ای اوز کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا ہے اس بار ملک بھر کے کسی بھی علاقے میں 14 روزہ مہم نہیں چلائی جائیگی‘‘۔