پاکستان میں سڑک حادثہ ، 11افراد ہلاک

شکارپور،20مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سندھ علاقہ کے شکارپور میں نیشنل ہائی وے – 2 پرکاروں کے ہولناک تصادم کے نتیجے میں 4 کم عمر بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شکارپور کے علاقے میں قومی شاہراہ کے قریب بھیو واہ کے مقام پر 2 تیز رفتار کاریں ٹکرا گئیں۔ حادثہ کے بعد پولیس اور ایدھی کی ایمولنس کو اطلاع دی گئی لیکن ان کے آنے میں تاخیر کے باعث موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور نعشوں کو متاثرہ گاڑیوں سے نکالا اور سول ہاسپٹل شکارپور منتقل کیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 4 سے 6 سال کے درمیان بتائی گئی ہے ۔ایس ایس پی شکارپور ساجد امیر سدزوئی کے مطابق حادثہ دونوں کاروں کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے ، دونوں متاثرہ خاندانوں میں سے ایک خاندان کا تعلق جیک آباد سے تھا جو سکھر سے اپنے گاؤں جارہے تھے جبکہ دوسری گاڑی میں صوفی فنکار سوار تھے جو سچل سرمست کے عرس پر جارہے تھے ۔حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ بعد ازاں 6 افراد سے جانبر نہ ہوسکے۔