پاکستان میں دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام،5 گرفتار

خود کش جیکٹیں اور اسلحہ برآمد

ملتان۔ 9 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں انسداد دہشت گردی پولیس نے ملتان میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو حراست میں لے کران کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتا دہشت گرد سیکیورٹی ادروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے مگر انہیں کارروائی سے قبل ہی حراست میں لیا گیا۔ملتان پولیس کے ایک سینیر عہدیدار رائے طاھر نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے پانچ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ ہے اور وہ بہاولپور میں انٹیلی جنس ہیڈ کواٹر کو حملے کا نشانہ بنانے کی اسکیم بنا رہے تھے۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام نے خفیہ اداروں کی اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے دستی بم، خود کش جیکٹیں اور دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے دیگر آلات اور اسلحہ شامل ہے۔ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ طالبان اور القاعدہ مل کر صوبہ پنجاب میں سیکیورٹی اداروں کو حملوں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔