پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی امید: سابق کرکٹرز

لاہور24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آرگنائزرز اور سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ پاک زمبابوے سیریز سے نہ صرف پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے پاس پاکستان آ کر نہ کھیلنے کا جواز باقی نہیں رہیگا اور دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ سابق چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلیم الطاف نے کہا کہ جس انداز میں حکومت نے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کئے اور شائقین نے جس ڈسپلن کا مظاہرہ کیااس سے مثبت پیغام جائیگا ،پی سی بی اب دیگر ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دے۔سی او او پی سی بی سبحان احمد نے کہا کہ بورڈ کی بنگلہ دیش کے علاوہ سری لنکا سے گفتگو جاری ہے اور جلد ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرینگی ۔ راشد لطیف نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے پاکستان میں کرکٹ کا کلچر مزید فروغ پائے گا۔سابق کرکٹر اکرم رضا نے کہا کہ دیکھنا ہو گا کہ پی سی بی موجودہ حالات سے کس حد تک فائدہ اٹھاتا ہے ۔