پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے آئی سی سی سنجیدہ ہو: مصباح

لاہور ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا تسلسل ہونا چاہئے۔ پاکستان میں جس طرح بین الاقوامی کرکٹ ہوئی ہے آئی سی سی نے بھی دیکھی اور اسے بھی نظر ثانی کرنی چاہئے۔ مصباح الحق نے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں 12ویں پائینئر پریمیر کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شائقین نے شدید گرمی کے باوجود پاک۔ زمبابوے سیریز کا مشاہدہ کیا انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں پی سی بی، حکومت اور زمبابوے ٹیم کے ساتھ ساتھ شائقین کا بھی بڑا رول ہے۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ سری لنکا ہوم سیریز میں آسان حریف نہیں، بلکہ مشکل حریف ثابت ہوتا ہے لہذا یہ سیریز ایک مسابقتی سیریز ہوگی۔