پاکستان میں بھی ہندوستان کے انتخابی نتائج پرتجسس

اسلام آباد ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے پڑوسی ملک پاکستان میں بھی ہندوستانی عام انتخابات کے نتائج کا انتہائی دلچسپی اور گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔ جس طرح ہندوستانی عوام 23 مئی کی آمد کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے وہیں پاکستانی عوام بھی انتخابی نتائج جاننے کیلئے بے چین ہیں۔ پاکستانی میڈیا نے خصوصی طور پر حکمراں جماعت بی جے پی کی کارکردگیوں پر خاص توجہ مرکوز کی تھی کیونکہ مقابلہ دراصل کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہی تھا۔ اس کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہیکہ ہندوستان میں جو بھی پارٹی مرکز میں حکومت تشکیل دیتی ہے اس کا راست اثر پاکستان پر بھی ہوتا ہے کیونکہ برسراقتدار آنے والی پارٹی کے منشور اور پالیسیوں کے مطابق ہی پاکستان کو بھی اپنا لائحہ عمل طے کرنا پڑتا ہے۔ ایکسپریس ٹریبون، جیو ٹی وی، ڈان، جنگ، جسارت اور دیگر اخبارات نے بھی ہندوستان کی 542 نشستی پارلیمانی انتخابات پر بڑے بڑے تجزیئے پیش کئے تھے۔ یاد رہیکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کچھ عرصہ قبل کہا تھاکہ اگر ہندوستان میں نریندر مودی دوبارہ وزیراعظم بنتے ہیں تو اس سے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی میں آسانی ہوگی۔