پاکستان میں آئیل ٹینکر آتشزدگی میں ہلاکتوں کی تعداد 206 ہوگئی

 

لاہور ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام) : پاکستان میں آئیل ٹینکر کی مہیب آگ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 206 ہوگئی ۔ ملک میں آگ لگنے کے بدترین واقعہ میں مزید تین زخمیوں کی ہلاکت کے بعد مہلوکین کی تعداد 206 بتائی گئی ہے ۔ حادثہ کے لیے جن چھ افسران کو کوتاہی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے وہ تمام ڈی ایس پی سطح کے ہیں اور انہیں خدمات سے معطل کردیا گیا ہے ۔ انگریزی اخبار ڈان کے مطابق احمد پور شرقیہ آئیل ٹینکر آتشزدگی حادثہ میں ہلاکتوں کی تعداد 206 اور زخمیوں کی تعددا 65 بتائی گئی ہے جو مختلف ہاسپٹلس میں زیر علاج ہیں ۔ بہاولپور کے وکٹوریہ ہاسپٹل میں زیر علاج 25 مریضوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے جب کہ لاہور ہاسپٹل میں زیر علاج نو مریضوں اور ملتان ہاسپٹل میں زیر علاج 17 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ یاد رہے کہ عید الفطر سے صرف ایک روز قبل 120 افراد بشمول خواتین و بچے اس وقت ہلاک ہوگئے تھے جب وہ لوگ بہاولپور میں حادثہ کا شکار ایک آئیل ٹینکر سے بہنے والے پٹرول کو جمع کرنے پہنچے تھے لیکن زمین پر بکھرے ہوئے پٹرول پر کسی نے سگریٹ کا ٹکڑا ڈال دیا تھا جس سے پٹرول نے آگ پکڑلی تھی ۔ اس وقت 140 افراد زخمی بھی ہوئے تھے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی حادثہ کا شکار افراد کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں بہترین علاج فراہم کرنے اور ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دینے کا وعدہ کیا جب کہ ڈیوٹی انجام دینے میں کوتاہی برتنے والے چھ افسران کو ڈپارٹمنٹل انکوائری کمیٹی کی سفارش پر معطل کردیا گیا ۔