کراچی ۔11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں فٹبال کا بحران مزید شدید ہوتا جارہا ہے جیسا کہ حقائق کی چھان بین کے لئے آنے والے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے وفد کا دورہ مئی تک ملتوی ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن(اے ایف سی) کے وفد نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تاکہ وہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو موجودہ بحرانی صورتحال سے نکال سکے لیکن اب یہ وفد اب مئی میں آئے گا۔ فیفا کے ترجمان نے کہا کہ اس وفدکو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر اور جنرل سیکریٹری کی درخواست پر ابتدائی طور پر 24 تا 25 اپریل دو روزہ دورہ کرنا تھا تاہم اب اسے مئی تک ملتوی کردیا گیا ہے۔فیفا نے 3 اپریل کو اپنی ممبر اسوسی ایشن کے اجلاس کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ اے ایف سی کے ہمراہ ایک مشترکہ مشن پاکستان بھیجے گا۔ اس وفدکی آمد میں تاخیر کے سبب پاکستان 2022 کے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ اور 2023 کے اے ایف سی ایشین کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈز میں شرکت سے محروم ہو سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ایشیا 12نچلی صف کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں جس کے لئے ڈراز 17اپریل کو ہوں گے اور اس کا آغاز 6جون سے ہو گا۔