پاکستان فٹبال پر عالمی پابندیوں کا خطرہ

کراچی، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے کارروائی کے باوجود پاکستانی حکام کی آنکھیں نہیں کھلیں اور اب پاکستانی حکومت نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو اپنے دائرے میں لانے کیلئے حکمت شروع کر دی ہے جس پر فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) پی ایف ایف کے خلاف سخت کارروائی کر سکتی ہے۔ گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اولمپک کے انٹرنیشنل ادارے کے مساوی پاکستان اولمپک اسوسی ایشن نامی ایک اور ادارہ تشکیل دیئے جانے کے باعث پاکستان انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی پابندی کی زد میں آنے سے بال بال بچا تھا۔ پرائیویٹ ٹی وی کے مطابق اب مسلم لیگ (این) کی موجودہ حکومت نے آنے والے انتخابات میں پی ایف ایف کو اپنے دائرے میں لانے کی تیاری کر لی ہے اور اس کے ابتدائی اقدام کے طور پر 17 اپریل کو مقررہ پی ایف ایف کے اسٹیٹ الیکشن میں پنجاب فٹبال اسوسی ایشن کو اپنے دائرہ کار میں لانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ فٹبال اسوسی ایشن کیلئے پولنگ ہو چکی ہے اور اسٹیٹ کونسل کیلئے ہر رکن میں سے ملک کے سب سے بڑے صوبے سے منتخب 35 ارکان سے حکومت نے رابطہ کر کے اس سے اپنے امیدوار کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔