پاکستان سے ونڈے سیریز، گپٹل کی ٹیم میں واپسی

ویلنگٹن۔2 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے دو ونڈے میچز کیلئے 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور اوپنر مارٹن گپٹل زخموں سے صحتیاب کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔مارٹن گپٹل گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز میں عضـلات میں جکڑن کا شکار ہوئے تھے لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف بارش کے سبب منسوخ ہونے والے دوسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے 18 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر اپنی فارم اور فٹنس کا بھرپور ثبوت دیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ اسکواڈ کے مطابق کین ولیمسن قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈگ بریسویل، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگیوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہنری نکولس، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی اور روس ٹیلر شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز کل نیوزی لینڈ الیون کے خلاف پریکٹس میچ سے کرے گی جس کیلئے ٹیم نے بھرپور پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین پانچ ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا اور ونڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی20 سیریز بھی آمنے سامنے ہوں گی۔