پاکستان سے مقابلے کا فیصلہ بورڈ کرے گا:کوہلی

لندن۔24 مئی (سیاست ڈاٹ کام )لندن میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام 10 ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور سوالات کے جوابات بھی دیے۔ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے ملک انگلینڈ کے کپتان ایان مورگن نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں پاکستان کے خلاف سیریز جییتی ہے اور ہماری شاندار ٹیم ہے لہٰذا ہم ورلڈ کپ کے بارے میں بہت پراعتماد ہیں۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ کھیلنا ہے یا نہیں اس بارے میں فیصلہ بورڈ کو کرنا ہے۔ یہ میرا کام نہیں اور نہ ہی میں اس کے بارے میں سوچنا چاہتا ہوں۔ کوہلی کے بموجب میگا ایونٹ میں ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ورلڈ کپ میں ٹیمیں بڑے اسکور کے حصول میں تواتر کے ساتھ کامیاب ہوں گی۔پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں سب کو 16جون کا انتظار ہے جب اولڈ ٹریفورڈ پر ہند۔پاک مقابلہ ہوگا لیکن میری نگاہ میں ہر میچ اہم ہے، انگلینڈ کی ٹیم اپنے میدانوں پر اس مرتبہ مخالف ٹیموں کیلئے آسان نہیں ہوگی۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کا میچ ہمیشہ عالمی توجہ حاصل کرتا ہے اور دونوں ٹیموں کو بڑے دباؤ میں کھیلنا پڑتا ہے تاہم ہم اپنے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کے مقابلے میں ایک کھلاڑی کے معاملہ قدرے مختلف ہوتا ہے، ہم فیلڈ میں قدم رکھتے ہیں ایک پیشہ ور کرکٹر بن جاتے ہیں جہاں بولرز اور بیٹسمینس پیشہ ورانہ مہارت کے مطابق بہترین مظاہرے پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارے لیے یہ محض دیگر میچوں کی طرح ایک مقابلہ ہو گا جسے ہم بحیثیت ٹیم جیتنے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب ہندوستان کے خلاف مقابلے پر سرفراز احمد سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرا جواب بھی وہی ہے جو کوہلی نے دیا ہے۔ کوہلی نے کہا کہ ورلڈ کپ ایک مشکل اور کٹھن ٹورنمنٹ ہے اور ہر میچ میں بڑا اسکورآسان نہیں ہو گا بلکہ ایونٹ کا آدھا مرحلہ گزرنے کے بعد ایسا وقت بھی آئے گا کہ ٹیمیں 250 سے 270 رنز کے ہدف کا بھی دفاع کریں گی۔ کوہلی نے ازراہ مذاق کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ انگلینڈ کو سب سے پہلے ونڈے کرکٹ میں 500رنز بنانے کی جلدی ہے، وہ پہلی گیند سے مارنا شروع کرتے ہیں اور 50 ویں اوور تک مسلسل مارتے رہتے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بہت اچھا ہے اور حالیہ پاک انگلینڈ سیریز سے ٹیم کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، ہم نے فیلڈنگ بیٹنگ اور بولنگ میں اپنی صلاحیتیں بہتر کی ہیں اور ورلڈکپ میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔ ورلڈ کپ مقابلوں میں ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے، پاکستان نے بہت اہم مرحلے میں 92 کا ورلڈکپ جیت تھا اور ہم اس ٹورنمنٹ کو بھی جیتنے کے لیے بھی بہت زیادہ اعتماد رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر اور وہاب ریاض کو ان کی تجربہ کی وجہ سے ٹیم کا حصہ بنایا ہے، وہاب ریاض جانتے ہیں کہ انگلینڈ میں سفید گیند سے کیسے بولنگ کرنی ہے اور ہمیں 140کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرنی ہو گی۔ آسٹریلیائی کپتان ارون فنچ نے کہا کہ امید ہے کہ ورلڈ کپ میں وکٹیں بیٹسمینوں کے لیے سازگار ہوں گی اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔