پاکستان سے سیریز کے ہم بھی خواہاں : راجیو شکلا

برمنگھم ۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی کے سابق صدر اور انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ چیئرمین راجیو شکلا نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کی بحالی کو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے مشروط قرار دیا ہے۔چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے موقع پر ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کی وجہ سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کا انعقاد نہیں ہو پا رہا۔انہوں نے کہا کہ سری لنکائی ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لہٰذا میں پاکستانی حکومت سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنے مقامات کو اتنا محفوظ بنائیں کہ دنیا کی تمام ٹیمیں وہاں کا دورہ کر سکیں۔چیئرمین نے کہا کہ ہم پاکستان سے کرکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن سیکیورٹی کی صورتحال ہمیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے رہی لہٰذا جب تک ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی، ہم پاکستان کے دوطرفہ سیریز نہیں کھیل سکتے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ہم نے آئی سی سی سے یہ میچز کھیلنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔اس موقع پر راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان میں بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہاں کرکٹ کا معیار بھی بہت اچھا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملک کے حالات بہتر بنانے چاہئیں تاکہ تمام ملک بھی وہاں آکر کھیل سکیں۔