پاکستان سکیورٹی خدشات دور کرے : آئی سی سی

لاہور ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے اگر پاکستان بڑی ٹیموں کی میزبانی کا خواہاں ہے تو حکام دورہ کرنے والی ٹیم کے سکیورٹی کے حوالے سے خدشات دور کرے۔ لاہور میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران رچرڈسن نے کہا: ’’آپ کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے مجھے آمادہ کرنا آسان ہے لیکن بدقسمتی سے مجھے یا آئی سی سی کو آمادہ کرنا کافی نہیں ہے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ یہ سیکیورٹی کے ماہرین کا کام ہے اور وہ ٹیم اور کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے ہیں جو ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔ لاہور میں 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد کسی بڑی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ تاہم 2015ء میں زمبابوے کی ٹیم آئی اور3 ونڈے میچز کھیلے گئے تھے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو نے کہا: ’’میں جانتا ہوں کہ پاکستانی حکومت اور پی سی بی بھرپور سعی  کرتے ہوئے سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنا رہے ہیں‘‘۔ پاکستانی ٹیم نے وطن سے باہر کھیلنے کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹسٹ کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔