پاکستان: سوتیلی بیٹیوں پر تیزاب سے حملہ

لاہور۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستانی صوبہ پنجاب میں ایک شخص نے اپنی دو سوتیلی بیٹیوں پر تیزاب سے حملہ کیا، کیونکہ انھوں نے اس کے منتخبہ شحص سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔ دیہات پٹوکی کا مستری محمد اسلم نے اپنی سوتیلی بیٹیوں 19 سالہ ملائیکا اور 23 سالہ جویریہ پر تیزاب سے حملہ کیا جب کہ وہ دونوں سوئی ہوئی تھیں۔ متاثرین کو جناح ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک ہے۔ محمد اسلم نے مبینہ طور پر اپنے ایک پڑوسی سے رقم حاصل کرکے اس کو تیقن دیا تھا کہ اپنی سوتیلی بیٹیوں میں سے ایک کا اس سے نکاح کروادے گا، لیکن دونوں لڑکیوں نے انکار کردیا۔ چنانچہ اسلم نے انھیں سبق سکھانے کے لئے تیزاب سے حملہ کیا۔ پولیس نے اسلم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس کی تلاش میں مختلف مقامات پر دھاوے کررہی ہے، کیونکہ حملہ کے بعد اسلم فرار ہوچکا ہے۔