پاکستان رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر چلا گیا

لاہور، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یہ دن بھی پاکستان کرکٹ کو دیکھنا تھا کہ بنگلہ دیش کے ہاتھوں گرین شرٹس پر ’وائٹ واش‘ شکست کا داغ لگ جائے۔ پاکستانی شائقین کیلئے رونا صرف ہار کا ہی نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم ونڈے رینکنگ میں بھی آخری نمبروں میں یعنی ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلی گئی۔ کپتان بدلا، ٹیم بدلی پر افسوس کہ ہار پہ ہار والی روِش نہ بدل سکی۔ یعنی بنگالی کھلاڑیوں نے دھول چٹا دی۔ سیریز کے تیسرے ونڈے میں بھی شکست جیسے پاکستان کرکٹ کے ’تابوت میں آخری کیل‘ ثابت ہوئی۔ پہلے میچ میں 79 رنز کی ہار سے سابقہ ورلڈ چمپئن ٹیم کی عقل ٹھکانے آئی اور پھر سات وکٹ کی ناکامی اور آخرکار ’وائٹ واش‘ سے نری بدنامی۔ پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درجہ بندی میں ساتویں پر تھے، اب نمبر آٹھ ہونے کا طوق پاکستان کرکٹ کے گلے میں پڑ گیا ہے۔ پچھلے سال سے ٹیم پاکستان کا مسلسل ناکامی پیچھا کر رہی ہے۔ سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے دو سیریز اور اب بنگلہ دیش سے بری شکست پاکستان کرکٹ کیلئے افسوسناک ہے۔