لاہور۔26 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوکین کے استعمال کے الزام میں نوجوان پاکستانی اسپنر رضا حسن پر دو سال کیلئے پابندی عائد کردی ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق رضا مدتِ پابندی کے دوران کسی بھی قسم کی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور نہ ہی کرکٹ سے متعلقہ کوئی بھی سرگرمی کا حصہ بن سکیں گے۔ترجمان نے کہاکہ رضا کو اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے بحالی کے پروگراموں میں حصہ لینے کا موقع دے گا۔ 22سالہ رضا کا ڈوپ ٹسٹ جنوری میں کراچی میں منعقدہ پنٹاگلر ونڈے ٹورنمنٹ کے دوران لیا گیا تھا جو مثبت پایا گیا۔پی سی بی نے ایونٹ کے دوران مختلف کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹسٹ کئے اور رضا کے ڈوپنگ نمونے کو جانچ کیلئے ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی سے منظور شدہ ہندوستان کی لیبارٹری بھیجا گیا تھا۔اب بورڈ کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے بعد یہ بات دیکھنی ہو گی کہ آیارضا حسن کے خلاف قانونی چارہ جوئی یا پولیس کی تحقیقات بھی ہوتی ہیں یا نہیں کیونکہ پاکستان میں کوکین کا استعمال جرم ہے۔