کراچی ، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان جونیر ہاکی ٹیم کے دو سگے بھائی جرمن کلب ایس سی فرنکفرٹ کے ساتھ وابستہ ہوگئے۔دونوں کھلاڑیوں کا جرمن کلب کے ساتھ ایک سال کا معاہدہ ہوا ہے۔پاکستان میں ہاکی زوال پذیر ضرور ہے لیکن کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے ۔ جونیر ٹیم کے دو کھلاڑی راحیل حسین اور زوہیر حسین کا جرمن کلب ایس سی فرنکفرٹ سے ایک سال کا معاہدہ ہوگیا ہے ۔ راحیل حسین سوئی گیس اور زوہیر حسین نیشنل بینک کی نمائندگی کرتے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں کے والد بھی ہاکی کے سابق کھلاڑی ہیں جو بیٹوں کے جرمن کلب کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہیں۔پاکستان کے کئی کھلاڑی ہالینڈ اور جرمنی کے کلبس سے وابستہ ہیںلیکن یہ پہلا موقع ہے کہ جرمنی کے کسی کلب نے جونیر کھلاڑیوں سے معاہدہ کیا ہے۔