پاکستان اے کیخلاف ڈرا ٹور میچ میں معین کی کارگر اسپن بولنگ

شارجہ ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ اور پاکستان اے ٹیم کے درمیان دو روزہ ٹور میچ کا ڈرا پر اختتام ہوا لیکن معین علی نے میچ کی واحد اننگز میں اپنی بولنگ سے پاکستانی ٹیم کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کے ابتدائی دن بھرپور بیٹنگ پریکٹس کی جبکہ کپتان السٹیر کک 53، جو روٹ 59، جانی بیرسٹو 66 اور عادل رشید 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ نے میچ کے پہلے دن پورے 90 اوورز بیٹنگ کرتے ہوئے 286 رنز بنائے۔ میچ کے دوسرے دن کے آغاز میں انگلینڈ نے اپنی اننگز ڈیکلیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان اے ٹیم کے خلاف اپنے بولرز کو پریکٹس کا موقع فراہم کیا۔ پاکستانی اے ٹیم 36/3 پر مشکلات سے دوچار ہوگئی جس کا سہرا معین علی کے سر رہا جنہوں نے خرم منظور اور علی اسد کو پویلین لوٹایا جبکہ اس سے قبل مارک ووڈ نے سمیع اسلم کو آؤٹ کردیا تھا۔ اس موقع پر فواد عالم اور افتخار احمد نے چوتھی وکٹ کیلئے 112 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو بحران سے نکالا۔ ایک بار پھر انگلش کپتان نے معین کو بولنگ سونپی، جنہوں نے 55 رنز بنانے والے فواد کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کے فائنل میں پشاور ریجن کیلئے کامیاب افتخار احمد نے مشکل وقت میں 92* رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جب دوسرے دن 90 اوورز کی تکمیل پر میچ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو پاکستان اے ٹیم کااسکور 216/5 تھا۔ ایک حیران کن پہلو رہا کہ مصباح الحق کو بیٹنگ پریکٹس کیلئے میچ میں شامل کیا گیا مگر وہ بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔ انگلش ٹیم 8 اکٹوبر کو شارجہ میں پاکستان اے کے خلاف ایک اور دو روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی، جس کے بعد 13 اکٹوبر کو تین ٹسٹ کی سیریز کا آغاز ہو گا۔