لاہور ، 22 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا افتتاحی میچ جمعہ 23 سپٹمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی قیادت سرفراز احمد جبکہ ویسٹ انڈیز کی کپتانی کارلوس براتھویٹ کریں گے۔ سرفراز الیون نے ٹی ٹوئنٹی فارمٹ کی ورلڈ چمپئن کو چاروں خانے چت کرنے کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے۔ شرجیل خان اور خالد لطیف کا بیاٹ انگلینڈ کے بعد اب کالی آندھی کے خلاف رنز اگلنے کیلئے بے چین ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل چار مرتبہ مختصر فارمٹ میں آمنا سامنا کر چکی ہیں جس میں سے دو بار پاکستان اور دو ہی مرتبہ ویسٹ انڈیز جیتا۔ اب دیکھنا یہ ہے کون سی ٹیم اپنی جیت کے ریکارڈ کو آگے بڑھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔
میچ رات 9:30 بجے (IST) شروع ہوگا۔
٭ دریں اثناء ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں ہوگا ، ٹیم میں چار تبدیلیاں متوقع ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے کپتان اور کوچ سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف اسکواڈ میں شامل سمیع اسلم ، محمد حفیظ ، عمر گل اور محمد رضوان ٹیم سے ڈراپ ہو سکتے ہیں جب کہ خالد لطیف ، عمر اکمل ، اسد شفیق اور راحت علی کو شامل کئے جانے کا امکان ہے۔