پاکستان اور زمبابوے کا آج دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل

پہلے میچ میں آفریدی کی ٹیم بیٹنگ شعبے میں ناکامی کے باوجود 13 رنز سے کامیاب ۔ عماد وسیم ’ہیرو‘
ہرارے ، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور زمبابوے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے دوسرے میچ میں کل یہاں مدمقابل ہوں گے۔ شاہد آفریدی کی پاکستانی ٹیم دو میچ کی سیریز میں کلین سویپ کا عزم لے کر میدان سنبھالے گی۔ ’گرین شرٹس‘ اور زمبابوے کے درمیان یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ باصلاحیت جونیئرز بھی شامل ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم افتتاحی ٹی 20 میچ میں فاتحانہ کارکردگی دکھانے کے بعد دوسرے میچ میں بھی شاندار پرفارمنس کیلئے پرعزم ہیں۔ کپتان آفریدی کہتے ہیں کہ تمام کھلاڑی میزبان ٹیم کو سیریز میں ڈھیر کرنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ دوسری جانب میزبان کیپٹن ایلٹن چگمبورا نے سیریز برابر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں اتوار کو پاکستان نے عماد وسیم کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 13 رنز سے شکست دی۔ یہاں منعقدہ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 136/8 اسکور کئے۔ تاہم زمبابوے کی ٹیم یہ معمولی ہدف عبور نہ کر سکی اور 20 اوورز میں 123/9 تک محدود رہی۔ کپتان آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ایک مرتبہ پھر پاکستان کی ناقابل بھروسہ بیٹنگ لائن اپ ناکام ہوئی اور صرف 136 رنز ہی بنائے جا سکے۔ سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک 35 رنز اور وکٹ کیپر محمد رضوان 33 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں اسکوررس رہے۔ میزبان ٹیم کے شامو شیبابا نے تین اوورز میں صرف 18 رنز دے کر تین پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں زمبابوے کو پہلے اوور میں ہی شیبابا (0) کی صورت میں نقصان اٹھا نا پڑا۔ زمبابوے نے آخری اوورز میں ہدف کے قریب پہنچنے کی پوری کوشش کی لیکن پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ سے انہیں باز رکھا۔ بالخصوص عماد نے عمدہ پرفارمنس کے ذریعے 11 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کئے۔ سہیل تنویر اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ لی۔ عماد نے پاکستانی اننگز میں بارہ گیندوں میں قیمتی 19 رنز بھی بنائے تھے جو کارگر ثابت ہوئے۔ چنانچہ عماد کو ’مین آف دی میچ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔