پاکستان اور روس کا باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اشارہ

اسلام آباد،2فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور روس نے کاروبار، توانائی، دفاع اور باہمی مفادکے دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔ریڈیو پاکستان سے شائع ایک رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے کہاکہ افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور افغانستان کی قیادت والی اور اس کی سربراہی والے امن اور صلح کے عمل کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ اس کا حل ہوسکتا ہے ۔ماسکو میں پاکستان کی وزارت خارجہ کے خصوصی سکریٹری تسنیم اسلم اور روس کے نائب وزیر برائے خارجہ ایگورمورگولوف کے مابین ہوئی اس میٹنگ میں افغانستان کے موجودہ حالات اور پاکستان اور علاقہ پر ہورہے اس کے اثر پر بھی بات چیت کی گئی۔ مسٹر اسلم نے روسی نائب وزیر برائے خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف جاری پاکستانی عزم سے بھی واقف کرایا۔مسٹر اسلم نے پاکستان میں دہائیوں سے مقیم تین لاکھ سے زائد افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی ضرورت پر بھی زور ڈالا۔روسی فریق نے دہشت گردی سے لڑنے میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہو ئے دونوں کے مابین تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی۔