پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج پہلے ٹسٹ کا آغاز

دبئی۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 20 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف پہلی ٹسٹ سیریز کی کامیابی کے لئے کوشاں ہے، جیسا کہ کل یہاں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ شروع ہورہا ہے۔ اسپنر سعید اجمل اور دو صف اول کے فاسٹ بولروں جنید خان اور وہاب ریاض کے بغیر پاکستانی ٹیم دبئی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف اس عزم کے ساتھ میدان میں اُترے گی کہ وہ 20 سال بعد حریف ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں شکست دے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ 20 سال سے آسٹریلیا کے خلاف کسی سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی اور آخری مرتبہ 1994ء میں کراچی ٹسٹ میں کامیابی کی بدولت آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف 0-1 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔

غیر قانونی بولنگ ایکشن کے باعث پابندی کا شکار اجمل متحدہ عرب امارات خصوصاً دبئی کی خشک اور سُست وکٹوں پر اکیلے ہی فتوحات دلاتے رہے ہیں جس کا سب بڑا ثبوت 6 ٹسٹ میچوں میں حاصل کی گئی 37 وکٹیں ہیں، خصوصاً 2012ء میں انگلینڈ کے خلاف 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز وائٹ واش فتح کا سہرا انہی کے سر ہے جہاں وہ 24 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ محمد عرفان کی ٹسٹ میچوں کے لئے عدم دستیابی جبکہ جنید خان اور وہاب ریاض کے زخموں کا شکار ہونے کے باعث پاکستان اپنے اہم فاسٹ بولروں کے بغیر میدان میں اُترے گا اور ایسے میں جہاں فاسٹ بولروں کی کمان نوجوان سنبھالیں گے تو اسپن بولنگ کا شعبہ بھی ناتجربہ کار بولروںکے ہاتھوں میں ہوگا۔ پہلے ٹسٹ میں اسپن بولنگ کی قیادت محض دو ٹسٹ کھیلنے والے ذوالفقار بابر کریں گے۔