پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ میں آج آخری ٹسٹ

دونوں ٹیمیں میچ سے قبل فٹنس مسائل سے دوچار، عالمی رینکنگ کیلئے مسابقت
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ اتوار کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے جو اسے دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 178 رنز کی جیت کی صورت میں ملی ہے۔اگر پاکستانی ٹیم شارجہ ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہوگئی تو وہ آئی سی سی کی عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک وڈ ٹخنے کی تکلیف کے سبب میچ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم بھی فاسٹ بولر عمران خان کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے جن کا دایاں ہاتھ پریکٹس کے دوران زخمی ہوا اور اس پر چار ٹانکے آئے ہیں۔عمران خان کو وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ آف سپنر بلال آصف کا بولنگ ایکشن آئی سی سی نے کلیئر کردیا ہے اور وہ سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔ عمران خان اور شان مسعود کی جگہ راحت علی اور اظہرعلی کی شمولیت یقینی ہے۔اظہرعلی اوپنر کی حیثیت سے یہ ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔انگلینڈ کی ٹیم میں جوز بٹلر کی جگہ جیمز ٹیلر کھیلیں گے جبکہ مارک وڈ کی جگہ لائم پلنکٹ یا سمت پٹیل میں کوئی ایک کھیلے گا۔اس ٹیسٹ کے لیے نئی وکٹ تیار کی گئی ہے۔شارجہ دنیا میں سب سے زیادہ 218 ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کرنے والا سٹیڈیم ہے۔اس میدان میں پاکستانی ٹیم سات ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہے جن میں سے تین جیتے اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا ہے۔