ابوظہبی ۔15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا ئی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹسٹ کا آغاز کل یہاں ہورہا ہے اور ٹیم کے سنیئر بیٹسمین اور سابق کپتان اظہر علی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ٹیم سے توقعات زیادہ ہوگئی ہیں اس لئے دوسرے ٹسٹ میں دبائو پاکستانی ٹیم پر ہوگا۔دوسری جانب آسٹریلیائی بیٹسمینوں نے پہلے ٹسٹ میں شاندار کارکردگی سے اپنے حوصلے بلند کرلیں ہیں۔ پاکستانی کیمپ میں مایوسی ضرور ہے لیکن دوسرا ٹسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہیں گے۔ جیت کا اچھا موقع گنوادیا۔ لیکن آسٹریلیا کی واپسی کو بھی سہرا جاتا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹسٹ منگل سے شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے۔ دبئی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔ پاکستان کا ٹسٹ میں پلہ بھاری رہا تھا لیکن پاکستانی بولر آخری دو وکٹیں حاصل نہ کرسکے۔ اظہر علی نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ دبائو پاکستان پر ہوگا یا آسٹریلیا پر، لیکن پاکستان ہوم ٹیم ہے اس لئے شائقین کو ہوم ٹیم سے زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔ ابوظہبی کی وکٹیں ہمارے حق میں ہیں۔ ہمیں ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ہوم ٹیم کی حیثیت سے ہمیں جیت کا عزم لے کر گرائونڈ میں اترنا ہوگا اور میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستانی ٹیم کے اوپنر امام الحق انگلی میں فریکچر کی وجہ سے دوسرا ٹسٹ نہیں کھیلیں گے۔ ان کی جگہ فخر زمان کو ٹسٹ کیپ دی جائے گی۔ فخر زمان نے ایشیا کپ میں دومرتبہ صفر پر آوٹ ہونے کے علاوہ پانچ میچوں میں صرف56 رنز بنائے تھے۔ اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اورکپتان جو فیصلہ کریں گے میں ان کے منصوبہ کے مطابق کھیلوں گا۔ کسی بھی مقام پر کھیلنے کو تیار ہوں۔ پاکستانی کھلاڑی پہلا ٹسٹ نہ جیتنے پر مایوس ہیں۔ اظہر نے کہا کہ ہم نہیں جیت سکے لیکن تمام تر سہرا آسٹریلیا کو جاتا ہے۔ اظہر علی گذشتہ چار ٹسٹ میں صرف95 رنز بناسکے ہیں لیکن کہا کہ اب فارم ناقص ہونے کے باوجود میں اپنی کارکردگی کے لئے پرعزم ہوں۔ ایک اچھی اننگز سے فارم واپس آجائے گی۔ مجھے اپنی فارم کا احساس ہے۔ خراب کارکردگی کا ازالہ کرنا چاہتا ہوں۔