تیسرے ونڈے میں کامیابی سے ایشیائی ٹیم کو ورلڈکپ میں رسائی کا موقع
ابوظہبی۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ونڈے کل کھیلا جائے گا اور پاکستانی ٹیم رواں سیریز میں بھی حریف ٹیم کا مکمل صفایا کرنے کی خواہاں ہے تاکہ ورلڈ کپ میں اس کی راست رسائی ممکن ہوسکے۔ تیسرے ونڈے سے قبل ’’وائٹ واش‘‘ کی صدائیں بلند ہو نے لگیں۔سابق کھلاڑیوں نے ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ تیسرے میچ میں بینچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ سلیم الطاف نے کہا کہ یکے بعد دیگرے شکستوں کے بعد ویسٹ انڈیزکے کھلاڑیوں کا اعتماد بہت گر چکا ہے جس کا پاکستانی ٹیم کو بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے سیریز میں وائٹ واش کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں بابر اعظم کے علاوہ عماد وسیم اور محمد نواز کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ ئی ہیں جو آنے والے برسوں میں ٹیم کے لئے بہترین خدمات انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری کیلئے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ دوسرے میچ میں کھلاڑی اگر پانچ کیچزنہ گراتے تو ٹیم مزید بڑے فرق سے میچ جیت سکتی تھی۔انہوں نے بابر اعظم اور شعیب ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی پارٹنر شپ نے ٹیم کو جیت کے قابل بنایا۔ سابق آل راؤنڈر اکرم رضا نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں یو اے ای جیسے حالات میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل رہا ہے اور وہ شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں جبکہ بابر اعظم ایک باصلاحیت بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستانی ٹیم کی فارم اور جارحانہ انداز کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ ٹوئنٹی20 کی طرح ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش کریں گے۔یاد رہے کہ میزبان ٹیم تین میچز کی سیریز پہلے ہی اپنے نام کر چکی ہے۔ شارجہ میں منعقدہ ابتدائی 2 مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے ایک سو گیارہ اور انسٹھ رنز سے کامیابیاںحاصل کی۔ بابر اعظم نے دونوں میچز میں سنچریاں اسکور کیں۔ شعیب ملک نے بھی فام میں واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ ابوظہبی ونڈے پاکستانی ٹیم کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ جیت اظہر علی کی زیر قیادت ٹیم کو ونڈے درجہ بندی میں نویں سے آٹھواں مقام دلواسکتی ہے جس کی بدولت وہ ورلڈ کپ میں راست رسائی کی حق دار ہوگی