مقابلے کا آغاز شام 4:30 بجے
لاہور۔28 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کل دوسرا ونڈے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم ایک اور کامیابی کے ذریعہ ونڈے سیریز پر قبضہ کی خواہاں ہیں تو دوسری جانب دورے پاکستان پر ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد ونڈے میں بھی بہتر مظاہرہ کرنے کے باوجود کامیابی حاصل نہ کرنے والی مہمان ٹیم اس مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ ونڈے سیریز کو دلچسپ بنانے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ میزبان کپتان اظہر علی نے سیریز اپنے نام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پہلے ون ڈے میں مہمان ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی جمعہ کو دوسرے ونڈے میں بھی زمبابوین کھلاڑیوں کے مدمقابل ہوں گے۔ یہ مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے آج بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کپتان اظہر علی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو میدان پر سیریز جیت کر شائقین کا دل جیتیں گے تو دوسری جانب سلو اوور ریٹ پر مہمان کپتان ایلٹن چگمبورا کو دو میچوں کیلئے پابندی کا سامنا ہے ، زمبابوے کی ٹیم اب سیریز کے دونوں ون ڈے مقابلوں میں کپتان اور اہم کھلاڑی سے محروم رہے گی۔
کپتان کی خدمات سے محروم ہونے کے بعد مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہاہے کہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ سیریز میں واپسی کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ دریں اثناء پاکستانی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ ٹوئنٹی 20 سیریز میں کامیابی کے بعد پہلے ون ڈے میں بھی کامیابی سے ٹیم کا حوصلہ بلند ہوا ہے ا ور انکی ٹیم بہتر مظاہرہ کرکے سیریز کا دوسرا ونڈے کے ساتھ 50 اوورس کی سیریز بھی اپنے نام کرنے کے عزائم رکھتی ہے ۔ پاکستان کو اپنی درجہ بندی برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کیلئے ہر میچ جیتنا ضروری ہے اور ہماری ٹیم دوسرے ونڈے میں بھی جیت کیلئے میدان میں اُترے گی۔ زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ہر میچ میں پہلے سے بہتر کھیل رہی ہے اور امید ہے کہ دوسرے ونڈے میں زیادہ بہترکھیل کر جیتنے کی کوشش کرے گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا بیٹنگ شعبہ بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے تاہم میچ کے آخری اوورز میں اسکور نہیں ہو رہے جبکہ فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔ کھلاڑیوں کو میچ کے اختتام کو بہتر بنانا ہوگاتاکہ دوسرے ونڈے میں کامیابی اور سیریز میں دلچسپی برقرار رہے۔ پہلے ونڈے کی طرح کل کھیلے جانے والے مقابلے میں بھی ایک ہمالیائی اسکور متوقع ہے۔