کراچی 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیر مین نجم سیٹھی نے وزیراعظم نواز شریف کو ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ تعلقات کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ہے جیسا کہ پاکستانی وزیر اعظم ہندوستان کے دو روزہ سرکاری دورہ پر کل یہاں پہنچنے والے ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف ہندوستان میں کل وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ ہندوستانی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم ہندوستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے ضمن میں پی سی بی سے تفصیلات حاصل کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران انہیں دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کی تفصیلات فراہم کرنے کے علاوہ ہند۔ پاک آئندہ چھ باہمی سیریزوں جو کہ 2015 تا 2022 کے درمیان کھیلی جائیں گی اور اس میں پہلی سیریز آئندہ برس متوقع ہے ۔
ہندوستان نے 2007 سے پاکستان کے خلاف کوئی باہمی ٹسٹ سیریز نہیں کھیلی ہے کیونکہ اس کے بعد 2008 میں ممبئی دہشت گرد حملے ہوئے تھے۔ سیٹھی نے بعدازاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈس کے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے ملاقات حوصلہ افزاء رہی ہے ۔ سیٹھی نے توثیق کی ہے کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی کرکٹ سیریز کے احیاء کیلئے نواز شریف کو تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ۔نواز شریف جو خود کرکٹ کے پرجوش مداح ہیں انہوں نے گذشتہ برس ہی کھلے عام اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو کرکٹ کے ذریعہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ نجم سیٹھی کے مشیر اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس نے پی سی بی کے چیر مین اور پاکستان کے وزیر اعظم کے درمیان ہوئی اس ملاقات کو ایک بہتر اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ نجم سیٹھی نے اپنے طور پر بہترین کوشش کی ہے تا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی کرکٹ کا احیاء ہوسکے ۔ نواز شریف کی ہندوستانی آمد اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی بحالی کیلئے جہاں سرکاری طور پر کوششیں کی جارہی ہیں وہیں
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم محسوس کرتے ہیں کہ برصغیر کے دو اہم ممالک کے درمیان باہمی کرکٹ سیریز کی بحالی کیلئے یہ صحیح وقت ہے ۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ہی کہا ہے کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہئے ۔ وسیم اکرم کے بموجب ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے دنیائے کرکٹ میں بہترین نتائج فراہم کئے ہیںاور یہ کرکٹ شائقین کیلئے بھی سب سے بہترین مقابلے ہوتے ہیں لیکن بد قسمتی سے غیر اسپورٹس وجوہات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ مقابلے نہیں ہوتے ہیں ۔وسیم اکرم نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی ہندوستان کے نئے وزیر اعظم نریندر مودی کی کل حلف برداری تقریب میں شرکت کے موقع پر کیا ہے ۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کل پاکستانی وزیر اعظم ہندوستان میںہوں گے اور یہ دونوں ممالک کی کرکٹ کی بحالی کیلئے بہتر موقع ہے ۔