پاکستان ،ہندوستان سے مذاکرت میں پیچھے نہیں ہٹ رہا:سرتاج عزیز

اسلام آباد۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ، ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں پیچھے نہیں ہٹ رہا اور وزیراعظم ہند کی اس حوالے سے منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم ہند نریندر مودی کے ایک حالیہ بیان کے ردعمل میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ دراصل ہندوستان پیچھے ہٹ رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اسے مذاکرات کی میز پر کشمیر اور دیگر معاملات پر بات چیت کرنا ہوگی۔سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ شہری روابط، ویزا، ماہی گیروں کے مسائل، تجارت، معاشی تعاون، کشمیر، سیاچن اور سر کریک کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کے لیے جامع اور مرکب مذاکرات کی شکل موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انڈین فوج کے سیاچن میں مفادات ہیں اور گذشتہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاچن کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا تھا لیکن ہندوستانی فوج نے اسے مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اس سے پہلے بھی ہندوستان کے ساتھ بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو شامل کیے بغیر کوئی بھی مذاکراتی ایجنڈہ مکمل نہیں سمجھا جا سکتا۔