پاکستانی ہیڈ کوچ کیلئے 6 بیرونی سمیت 9 امیدوار

لاہور۔28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے لئے چھ بیرونی سمیت نو امیدواروں نے درخواستیں جمع کرادی ہیں۔ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقاریونس نے بورڈ کی جانب سے ان کی پیش کردہ سفارشات پر عمل نہ کرنے اور ٹیم کی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر رواں ماہ کے آغاز میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ شاہد آفریدی کی قیادت میں  ٹوئنٹی20  ٹیم نے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش اور ہندوستان سے شکست کھائی جبکہ ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور لگاتار تین میچوں میں شکست کے بعد سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام ہوئے تھی۔  ٹیم کی کوچنگ کے لئے ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید، سابق بولنگ کوچ محمد اکرم اور منظورالہیٰ نے درخواستیں دی ہیں۔عاقب جاوید ورلڈ کپ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے جہاں ان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ وہ اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے بولنگ اور انڈر19 ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ عاقب جاوید کو اس عہدے کے لئے پسندیدہ قرار دیے جانے والے امیدواروں میں سے ایک ہیں، وہ متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے استعفیٰ دے کر پی ایس ایل کی ٹیم لاہور قلندرز سے بحیثیت ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز منسلک ہو گئے ہیں۔ بیرونی امیدواروں میں پیٹر مورس کو پسندیدہ قرار دیا جارہا ہے جبکہ دیگر امیدواروں میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر، ڈین جونز، ٹام موڈی، ای ین پونٹ اور جیمی سڈنز شامل ہیں۔