پاکستانی ہندوؤں کی مدد کیلئے سشما سوراج کا تیقن

نئی دہلی ۔/2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان میں بشمول ہندو مختلف اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر قریبی نظر رکھی جائے گی اور مناسب اجلاسوں میں اس سے متعلقہ مسائل اٹھائے جائیں گے ۔ سشما سوراج نے تیقن دیا کہ ہندو  اقلیت کو شادیوں کے رجسٹریشن میں ہونے والی دشواریوں کا مسئلہ بھی پاکستان سے رجوع کیا جائے گا ۔ سوراج نے پنجاب کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اویناش رائے کھنہ کو یہ تیقن دیا ۔ جنہوں نے پڑوسی ملک میں ہندوؤں کو درپیش مسائل پر انہیں ایک مکتوب روانہ کیا تھا ۔ وزیر خارجہ نے کھنہ کے نام اپنے جوابی مکتوب میں کہا کہ ’’میں حکومت کے اس تیقن سے باخبر کرنا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر اثرانداز ہونے والے واقعات اور مسائل پر بدستور کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ نیز مناسب اجلاسوں میں یہ مسائل اٹھائے جائیں گے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان میں بشمول ہندو مختلف اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام کو درپیش مسائل سے حکومت ہند باخبر ہے اور یہ مسائل پاکستان سے ماضی میں بھی رجوع کئے جاچکے ہیں ۔