پاکستانی ہاکی ٹیم کو انعام ، وزیراعظم نواز شریف کا اعلان

اسلام آباد ، 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ، جنھوں نے ایونٹ میں شاندار پرفارمنس دکھانے پر ہر کھلاڑی کیلئے 10،10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر دیا۔ ایس اے جی گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم نے جب وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی تو انھوں نے تمام کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے سخت محنت کرے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں نیشنل ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر یقین ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ’قومی کھیل‘ کی بحالی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10 ، 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔ پاکستان نے گوہاٹی میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز کے ہاکی فائنل میں ہندوستان کو ہرایا تھا۔