پاکستانی گولہ باری سے 4 بی ایس ایف ملازمین ہلاک

جموں، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے رام گڑھ سیکٹرکے بابا چملیال علاقہ میں گذشتہ رات پاکستانی رینجرس کی طرف سے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر مارٹر گولے داغے گئے جس کے نتیجے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے 4 اہلکار ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ مہلوکین میں بی ایس ایف کے تین افسر بھی شامل ہیں۔ بی ایس ایف جموں فرنٹیئرکے انسپکٹر جنرل رام اوتار نے یو این آئی کو بتایا ‘پاکستانی رینجرس کی جانب سے گذشتہ رات دیر گئے بی ایس ایف کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی گئی اور مارٹر گولے داغے گئے ‘۔ انہوں نے بتایا ‘ ہم نے پاکستان کی اس بلااشتعال اور شدید گولہ باری و مارٹر شلنگ میں اپنے چار جوان کھودیے ۔ ان میں ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ رینک کا افسر بھی شامل ہے ‘۔ رام اوتار نے بتایا کہ پاکستانی رینجرس اور بی ایس ایف کے درمیان حال ہی میں جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا عہد و پیمان ہوا تھا لیکن پاکستانی رینجرس اس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہواہے ۔ دفاعی ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘رام گڑھ سیکٹر کے بابا چملیال علاقہ میں گذشتہ رات قریب ساڑھے دس بجے پاکستان کی طرف سے گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات کے قریب 2 بجے تک جاری رہا’۔ انہوں نے بتایا ‘اپنے ساتھیوں کی ہلاکت کے باوجودبی ایس ایف اہلکاروں نے پاکستانی رینجرس کی بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر شلنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا’۔ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا ‘رام گڑھ سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کی وجہ سے ایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ کے سمیت بی ایس ایف کے 4 جوان شہید جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے۔