ابوظہبی29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے اپنے کھلاڑیوں کو متنبہ کیا ہے کہ پہلا ٹسٹ جیتنے کے بعد وہ کسی خوش فہمی کا شکار نہ ہوں۔ شکست کے زخموں سے چور آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم بھرپور تیاری سے واپسی کرسکتی ہے۔ ابوظہبی میں میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہاکہ ہم نے پہلا ٹسٹ ضرور جیتا ہے لیکن دوسرا ٹسٹ ابھی باقی ہے اور ہم مضبوط آسٹریلیائی ٹیم سے سخت مقابلے کی توقع کررہے ہیں۔ ہمیں آسٹریلیا کی قوت کا اندازہ ہے۔ یہ ٹیم بھرپور انداز میں واپسی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس لئے ہم کسی بھی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہیں۔ جوابی حملے کے لئے بھرپور تیار ہیں۔ وقار یونس نے کہاکہ ٹیم کے لئے مستقل مزاجی بہت ضروری ہے۔ ٹسٹ سیریز جیت کر درجہ بندی میں تیسرا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مستقل مزاجی سب سے اہم ہے کیونکہ پاکستان ٹیم کو دنیا کی سب سے غیر مستقل مزاج ٹیم کہا جاتا ہے۔ ہمیں مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔