پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈھاکہ میں غیرمعمولی احتیاط کی ہدایت

کراچی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش میں ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ڈھاکہ میں قیام کے دوران غیر ضروری طور پر ہوٹل سے باہر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لاہور میں کرکٹ کیمپ کے آغاز پر منیجر ذاکر خان، کوچ معین خان، کرکٹ کنسلٹنٹ ظہیر عباس اور فیلڈنگ کوچ شعیب محمد کے علاوہ سیکیورٹی آفیسر کرنل وسیم نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیئے۔ان لیکچرس میں کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش کی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات کے حوالے سے تفصیلات فراہمکی گئیں۔ کھلاڑیوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر معمولی محتاط رہیں اور ٹیم انتظامیہ خاص طور پر سیکیورٹی حکام کی اجازت کے بغیر ہوٹل سے باہر نہ جائیں۔ اور انجان افراد سے ملنے سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملاّ کو سزائے موت دیے جانے پر پاکستانی حکومت کے سخت ردعمل کے جواب میں بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی ایشیا کپ اور ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط کردی گئی تھی تاہم حکومت نے ٹیم کو بنگلہ دیش جانے کی اجازت دے دی ہے۔

ہندوستان کا درجہ بندی میں دوسرا مقام حیران کن : ہرشابھوگلے
نئی دہلی۔19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) معروف کرکٹ مبصر ہرشابھوگلے نے حیرت کے ساتھ اظہار کیا ہے کہ بیرون ملک مسلسل ناکامیوں کے باوجودہندوستانی کرکٹ ٹیم عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر کیسے قابض ہے۔ہرشابھوگلے کے بموجب ضرور آئی سی سی اس ضمن میں بے پناہ سخاوت کا مظاہرہ کررہی ہے ورنہ ہندوستان کے پاس دنیا کی دوسری بہترین ٹیم بنے رہنے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے۔ کیا یہ عالمی ٹسٹ درجہ بندیکے نظام پر سوالیہ نشان نہیں کہ ہندوستان نے گذشتہ تین برسوں میں اپنے ملک سے باہر ایک بھی ٹسٹ مقابہ نہیں جیتا لیکن اس کے باوجود وہ آسٹریلیا سے بہترمقام پر ہے۔