پاکستانی کھلاڑیوں کو متحد ہونے میانداد کا مشورہ

کراچی30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور ٹیم کے سابق کپتان جاویدمیانداد نے عالمی کرکٹ پر ہندوستان کی اجارہ داری قائم کرنے کی کوششوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ملک کے تمام کھلاڑی سے متحد ہوکر پی سی بی کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرکٹرس اپنے آپس کے اختلافات بھلاکر اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے پی سی بی کا ساتھ دیں۔ بی سی سی آئی کا واحد مقصد پیسہ کمانا ہے اور اس کے اقدامات سے کرکٹ تباہ ہورہی ہے۔ کھیل میں پیسہ ہمیشہ کرکٹ سے ہی آتا ہے،

اس لیے ہمیشہ کھیل ہی مقدم رہا ہے ملک نہیں‘لیکن اب بورڈس کو اوپر لایا جارہا ہے۔ پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو عارف علی عباسی نے اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کو فوری طور پر گورننگ باڈی کا اجلاس طلب کرکے اس سے مشاورت کرنی چاہیے۔ بی سی سی آئی کے موجودہ صدر سرینواسن کے دور میں انڈین پریمیئر لیگ میں بدعنوانی ہوئی،ان کے داماد گروناتھ میئپن اور ان کی ٹیم چننائی سوپرکنگس پر میچ فکسنگ کے الزامات لگے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں اسپانسرشپ کھلاڑیوں کی وجہ سے آتی ہے۔اگر پاکستان یا کوئی اور ٹیم ورلڈکپ جیسے کسی بڑے ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئی تو کھیل سے اسپانسر بھاگ جائیں گے۔

متحدہ عرب امارات کی ورلڈکپ 2015 میں رسائی
دبئی30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )متحدہ عرب امارات اوراسکاٹ لینڈ نے کرکٹ ورلڈکپ 2015میں رسائی حاصل کرلی ہیاور اس طرح عالمی کپ کیلئے ٹیموں کی صف بندی مکمل ہوگئی۔ورلڈکپ 2015میں دوٹیموں کی جگہ خالی تھی،جسے پرکرنے کیلئے نیوزی لینڈمیں ورلڈکپ کوالیفائنگ راونڈہوا۔ یواے ای اوراسکاٹ لینڈ نے فائنل میں جگہ بناکر ورلڈکپ کاٹکٹ حاصل کرلیا۔سوپرسکس کے آخری میچ میں یواے ای نے نمیبیا کو 36رنزسے شکست دی،اسکاٹ لینڈ نے کینیا کوتین وکٹ سے ہرادیا۔یواے ای کو 1996کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں داخلہ ملا ہے۔