پاکستانی کرکٹ کیلئے 2017 ء کامیابیوں کا سال رہا

لاہور۔ 29 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم 2017ء کا شاندارآغاز نہیں کرپائی اور آسٹریلیا کیخلاف ونڈے سیریز کے 5 میچز میں اُسے ایک فتح ہی ہاتھ آسکی جس کے بعد کپتان اظہر علی کو تبدیل کرنے کا مطالبہ زور پکڑگیا، فروری میں پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے پہلے میچ کیساتھ ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے طوفان پرپا کیا، مارچ میں دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد کو ونڈے فارمیٹ میں بھی قیادت سونپ دی گئی جب کہ پاکستان ٹیم نے کیریبیئنز کو پہلی بار انہی کی سرزمین پر ٹسٹ سیریز میں ہرا کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سینئرز مصباح الحق اور یونس خان کو شاندارالوداعی تحفہ پیش کیا۔بعد ازاں سرفراز احمد کی قیادت میں گرین شرٹس نے ون ڈے سیریز 2-1 اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی، ان فتوحات کے باوجود عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود پاکستان کی ورلڈ کپ 2019ء میں براہ راست رسائی یقینی نہیں تھی، چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی 8 بہترین ٹیموں میں آخری نمبر پر موجود گرین شرٹس ہندوستان کیخلاف میچ میں ترنوالہ ثابت ہوئے لیکن اس کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقہ، سری لنکا کو زیر کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی جہاں فیورٹ انگلینڈ کو روند ڈالا جب کہ فائنل میں پاکستان نے میگاایونٹس میں ہندوستان کے ہاتھوں مات کھانے کی تاریخ بدل ڈالی۔