کراچی ، 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورے کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم دو ٹسٹ تین ونڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔یہ تمام میچز صرف دو شہروں میرپور اور کھلنا میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم 13 اپریل کو ڈھاکہ پہنچے گی اور 15 اپریل کو فتح اللہ میں پریکٹس میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میرپور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں 17، 19اور 22 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔ یہی اسٹیڈیم 24 اپریل کو واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی میزبانی بھی کرے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ 28اپریل سے دو مئی تک کھلنا میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹسٹ میچ میرپور میں 6 سے 10 اپریل تک ہوگا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ تین سال قبل پاکستان کے دورے پر ٹیم نہ بھیجنے پر زرتلافی کے طور پر سوا تین لاکھ ڈالرز بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو ادا کرنے پر رضامند ہوگیا ہے۔ بنگلہ دیشی دورے کی تیاری کیلئے مختصر تربیتی کیمپ چہارشنبہ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو رہا ہے۔ پی سی بی نے تینوں فارمٹس کی ٹیموں کا اعلان بھی کردیا ہے۔ مصباح الحق ٹسٹ اور شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں قیادت کریں گے جبکہ ونڈے کی کپتانی پہلی بار اظہرعلی کے سپرد کی گئی ہے۔