کراچی۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا کہ سری لنکا کا کامیاب ترین دورہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ٹیم درست سمت میں جا رہی ہے اور سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں کا ذہن مثبت کرکٹ کی طرف ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ،ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹ میں سیریز جیتی ہے۔وقار یونس نے کہا کہ ٹیم عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق کھیل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے اس دورے میں سینئرس اور جونیئرس تمام کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی کا سہرا یاسر شاہ اور یونس خان کے سَر جاتا ہے کہ جبکہ شان مسعود نے بھی اپنی کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی۔شان مسعود ٹسٹ اور انور علی ونڈے میں اس دورہ کی دریافت ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے نقطہ نظر سے سب سے خوش آئند بات فیلڈنگ میں غیرمعمولی کارکردگی ہے اور اس کا کریڈٹ شعیب ملک، انور علی اور رضوان کو جاتا ہے جنہوں نے پوری ٹیم کو متحرک کر دیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ آئندہ سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے بھی ایک اچھا سال ثابت ہوگا۔