پاکستانی کرکٹر میچ فکسنگ میں ملوث ،شعیب اخترکاالزام

کراچی ۔28 مئی۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پاکستانی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا۔انٹر نیشنل اسپورٹس چینل کو انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لیا جاسکتا ہے کیونکہ ٹیم کے تمام کپتانوں میں کرکٹ معلومات کی کمی ہے جبکہ مقابلوں کے نتائج میدان کی بجائے ڈریسنگ روم میں طے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں کتنے میچ فکسرز موجود ہیں اس کے بارے میں بتایا نہیں جا سکتا لیکن پاکستانی ٹیم کے اندر ہر کوئی اپنے لئے کھیلتا ہے اور ٹیم کی کامیابی سے انہیں کوئی مطلب نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ شعیب اختر سبکدوش ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم اور انتظامیہ پر اپنے بیانات اور انٹرویوز کے ذریعہ مسلسل تنقید کے نشتر برسا رہے ہیں وہ خود بھی اپنے پیشہ وارانہ کیرئیر میں ڈوپنگ ، ڈسپلن شکنی اور دیگر معاملات میں متنازعہ کھلاڑی رہے ہیں لیکن اب وہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر اکثر تیز و تند حملے کرتے نظر آتے ہیں۔ فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم میچ کھیلتی ہے تو نتیجے میں ٹیم کا کوئی کردار نہیں ہو تا ہے جبکہ معاملات ڈریسنگ روم میں طئے کئے جاتے ہیں ۔ یاد رہے کہ شعیب اختر نے گزشتہ دنوں ہندوستانی ٹی وی شو میں بھی بعض متنازعہ باتیں کی تھیں جس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی تھی۔