دبئی ۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پہلے اپنے سب سے بڑے حریف ہندوستان سے دو میچ بری طرح گنوانے اور اس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم سے میچ میں شکست سے ایشیا کپ سے باہر ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم اور بالخصوص پاکستانی کپتان سرفراز احمد کافی دباو میں ہیں اور ان کی کافی تنقیدیں بھی کی جارہی ہیں حالانکہ ان شکستوں سے کپتان سرفراز خود بھی بہت مایوس ہیں اور انہیں نیند بھی نہیں آرہی ہے۔ایشیا کپ سے باہر ہونے کے بعد سرفراز احمد نے خود انکشاف کیا کہ گزشتہ 6 دنوں سے انہیں نیند نہیں آرہی ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کے کپتان پر ہمیشہ دباو رہتا ہے ، جب ٹیم ناکام ہوتی ہے تو دباو مزید بڑھ جاتا ہے۔ میں اگرکہوں کہ گزشتہ چھ دنوں سے میں برابر سو نہیں پایا ہوں تو آپ کو یقین نہیں ہوگا۔ہماری بیٹنگ بھی اچھی نہیں رہی اور ہم نے کئی کیچ چھوڑے۔ ہماری بولنگ بھی اوسط درجہ کی ہی رہی ۔ میں نے بھی اچھی بیٹنگ نہیں کی ، لیکن ہمیں صبر سے کام لینا ہوگا کیونکہ یہ نوجوان ٹیم ہے۔خیال رہے کہ سرفراز احمد نے بطور بیٹسمین چمپئنز ٹرافی 2017 سے اب تک صرف ایک نصف سنچری بنائی ہے۔ سرفراز نے 13 ونڈے میچوں میں صرف 17.2 کی اوسط سے 172 رن بنائے ہیں۔