کراچی ۔ 6 جولائی ۔ (رائٹرس) پاکستان کے کرکٹرس کے ایک چھوٹے گوشے نے ٹیم مینجمنٹ میں مداخلت کی ، راز کے معلومات کا افشاء کیا اور ٹیم میں انتشار کا ماحول پیدا کرنے میں اپنا حصہ ادا کیا ، ٹیم کے طویل مدت تک مینجر رہنے والے انتخاب عالم نے یہ بات کہی۔ گزشتہ سال میں پاکستانی ٹیم کئی تنازعات میں ملوث ہوئی ہے جس میں کپتانی بار بار تبدیل ہوتی رہی اور تین کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ اسکنڈل میں ملوث ہونے کے پاداش میں طویل پابندیوں کے شکار ہوئے۔ انتخاب عالم نے پاکستان کے جیو سوپر چینل کو بتایا کہ ایسے وقت بھی آئے جب کسی ٹیم میٹنگ کے 15 منٹ میں ٹیلی ویژن چینلوں نے جو کچھ میٹنگ میں پیش آیا یا جو باتیں زیرغور آئیں اُن کے بارے میں معلومات فراہم کردیں۔ ایسی باتیں بھی عوام کے سامنے لائیں گئیں جو راز میں رہنی چاہئے تھی اور جب ایسی چیزوں کا میڈیا میں افشاء ہوتا ہے تو ٹیم کے اندر مسائل پیدا ہونا لازمی ہے۔ پاکستانی ٹیم کا یہ ایک بڑا مسئلہ ہے ، ایسے کھلاڑیوں کیلئے ضرورت ہے کہ وہ مل بیٹھکر اپنے آپسی اختلافات دور کرلیں اور پاکستان کرکٹ کے مفاد میں آگے بڑھیں کیونکہ ایسی چیزوں سے پاکستان کرکٹ کا نقصان ہوا ہے اور یہ ہمارے امیج کیلئے اچھی نہیں ہے ۔ انتخاب عالم نے تاہم کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایسے کھلاڑیوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ، بعض کو باہر کا راستہ دکھادیا اور گزشتہ 12 ماہ میں ٹیم کلچر تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔ سابق لیگ اسپنر نے مزید کہا کہ وہ تمام منفی چیزوں کو درست کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور زیادہ مثبت ماحول فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی اصلاح کیلئے بھرپور کوشش کی جارہی ہیں اور اچھے نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے ۔ 69 سالہ عالم جنھوں نے 47 ٹسٹ کھیلے اور جو اکتوبر 2008 تا مارچ 2010 کوچ رہے جس کے بعد منیجر مقرر کئے گئے ، انھوں نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی رپورٹس میں ٹیم کے کلچر کے تعلق سے ناقد رہے ہیں۔ انھوں نے کہا : ’’جو کچھ میں نے میری رپورٹس میں تحریر کیا ہے وہ حقائق ہیں اور میں نے کھلاڑیوں کے تعلق سے غیرجانبدارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔ اگر میں ان چیزوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہوں تو یہ میری طرف سے پاکستان کرکٹ یا ان کھلاڑیوں کی بدخدمتی ہوگی، اس لئے سچائی کو بہرحال آشکار ہونا چاہئے‘‘۔
پی سی بی نے آفریدی کیخلاف مہم تیز کردی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی کے خلاف مہم تیز کردی ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم جو دورۂ ویسٹ انڈیز میں اپنی ٹور رپورٹ میں شاہد آفریدی کے خلاف منفی ریمارکس دے چکے ہیں ، انھوں نے ایک تازہ ٹیلیویژن انٹرویو میں شاہد آفریدی کے خلاف انکشافات کئے ہیں۔ سابق کپتان جو ہر دور میں پی سی بی چیرمین کو کھلاڑیوں اور کپتان کے خلاف منفی رپورٹس دینے میں شہرت رکھتے ہیں انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی پاکستان ٹیم میٹنگز کی خفیہ باتیں میڈیا کو جاری کرتے رہے ۔ انھوں نے کہاکہ ٹیم میٹنگ کے چند منٹ بعد ٹیلیویژن چینل پر شہ سرخیاں چلنا شروع ہوجاتیں اور میٹنگ کی ہر خفیہ بات میڈیا کی زینت بنتی رہی ۔ ٹیم انتظامیہ کے لئے مشکل تھا کہ وہ خفیہ باتیں منظرعام پر آنے کے بعد اسے کنٹرول کرتی ۔ ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی مخالف مہم کو تیز کرنے کیلئے پی سی بی کے ایک اعلیٰ افسر کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔