لندن۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریزکیلئے پاکستانی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی ہے اور وہ دورہ پر پریکٹس کا آغازکردیا ہے ۔دورے پر پاکستانی ٹیم انگلینڈ سیریز اور پھر ورلڈکپ میں شرکت کرے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا آغاز 5 مئی کو واحد ٹی 20 مقابلے سے شروع ہو گا۔ مکی آرتھر سمیت کوچز کی زیر نگرانی کھلاڑی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں پراکٹس کریں گے اور انگلینڈ کی موسمی تبدیلیوں میں خود کو ہم آہنگ کریں گے۔سرفراز احمد کی قیادت میں ٹیم پاکستان اورکینٹ کاؤنٹی کا مقابلہ 27 اپریل کو ہو گا۔ پاک ۔ انگلینڈ واحد ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ونڈے میچز کی سیریز پانچ مئی کو شروع ہوگی ہے۔ ورلڈکپ کا میگا ایونٹ 30 مئی کو شروع ہو گا اور پاکستانی ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے مقابلے سے ورلڈ کپ کا آغاز کریں گے۔ روایتی حریف پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ٹورنمنٹ کا سب سے اہم مقابلہ 16 جون کو ہو گا جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
محمد عامر کو ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہونا چاہیئے:مشتاق احمد
لندن ۔24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرمحمد عامر کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہونا چاہئے کیونکہ وہ بڑے اور اہم میچوں کے کھلاڑی ہیں۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے خود کو میگا ایونٹ کھیلنے کا بھی اہل ثابت کردیں گے۔ سابق اسپن بولنگ کوچ نے کہا کہ محمد عامر کو حتمی پندرہ رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہ بنا کر دراصل پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل ہونے والے ہونے والے میچوں میں انہیں اپنی کارکردگی میں بہتری پر توجہ دینی ہوگی اوراگر وہ متاثر کن کارکردگی دکھا سکے تو پھر ورلڈ کپ کے دوران بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔مشتاق احمد کے بموجب محمد عامر کو اسکواڈ کا لازمی حصہ ہونا چاہئے کیونکہ ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنمنٹ میں ان کی موجودگی کی ضرورت ہوگی جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بڑے میچ کا حوصلہ رکھتے ہیں اور میگا ایونٹس میں ایسے کرکٹرزکی ضرورت پڑتی ہے جو دباؤ کی صورتحال میں اپنی صلاحتوں اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں اور محمد عامر نے ماضی میں بھی بارہا خود کو ثابت کیا ہے۔