دبئی ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے کہا ہے کہ انھیں پاکستان سوپر لیگ میں چند اچھے نوجوان اسپنرز نظر آئے ہیں لیکن باصلاحیت نوجوان بیٹسمینوں کا فقدان ہے۔انضمام الحق نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میںمیڈیاسے کہا کہ انھیں زبردست اور چند اچھے اسپنرز دیکھ کر خوشی ہوئی ہے لیکن وہ نوجوان بیٹسمینوں کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں کیونکہ انھیں ایسے بیٹسمین نظر نہیں آئے جو میچ ونرز ہوں۔انضمام الحق نے کہا کہ اچھی اننگز کھیلنے اور میچ جتوانے میں فرق ہے۔ ہمارے بیٹسمین اچھا اسکور تو کر لیتے ہیں لیکن میچ کو جیت پر ختم نہیں کرتے اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ٹیم کو اس وقت میچ ونرز چاہئیے۔ ٹیم کا انتخاب کرتے وقت ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان سوپر لیگ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا کیونکہ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایونٹ ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ سب کو یاد ہے کہ گذشتہ سال اسی سوپر لیگ سے ہمیں حسن علی کی صورت میں ایک باصلاحیت کرکٹر ملا تھا۔چیف سلیکٹر نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے میں کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کیونکہ یہ سیریز ورلڈ کپ رسائی حاصل کرنے کے سلسلے میں بڑی اہمیت کی حامل ہے۔