پاکستانی ٹیم کا فرضی جنازہ ‘جلوس میں خواتین بھی شامل

ملتان۔22فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے برہم شائقین نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم کی شرمناک شکست پر اپنا غصہ انوکھے انداز میں نکالتے ہوئے ٹیم کا فرضی جنازہ نکالنے کے علاوہ اس کی تدفین بھی کی ۔ ملتان کے جنوب مشرقی شہر میں ایک فرضی جنازہ نکالا گیا جس میں ایک کافن پر متعدد بیٹس رکھے گئے جس کے ساتھ ایک کثیر مجمع موجود تھا جس میں جس میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے فرضی جنازہ میں شریک خاتون شمع بی بی نے کہا کہ اس مرتبہ ہمیں پوری اُمید تھی کہ پاکستانی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ ٹیم کا کوئی مقابلہ نہیں دیکھیں گی۔ فرضی جنازہ میں موجود ایک اور خاتون جنہوں نے اپنا نام صرف رفیعہ بتایا اور اظہارخیال کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے ناقص مظاہروں کا اصل ذمہ دار کرکٹ بورڈ کو قرار دیا جس کی وجہ سے ایک کمزور ٹیم منتخب کی گئی اور کرکٹ کو سیاسی رنگ دیا گیا ہے ۔ پاکستان بھر میں مختلف مقامات پر برہم شائقین نے اپنے انداز میں غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلہ میں ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد گذشتہ روز ویسٹ انڈیز کے خلاف 310رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 150رنز سے ناکام ہوئی ہے ۔