لاہوراور کراچی کے ایرپورٹس پر سخت سکیورٹی ، ناقص مظاہرہ پر شائقین ناخوش
کراچی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آ:ی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں اپنی روایتی کٹر حریف ہندوستانی ٹیم کے بشمول دیگر ٹیموں کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم بالآخر اپنے وطن واپس ہوگئی۔ ورلڈ ٹی 20 مہم سے تباہ کن اور المناک اخراج کے صدمہ سے دوچار پاکستانی ٹیم کا لاہور اور کراچی میں غم و غصہ کے ساتھ استقبال کیا گیا، تاہم کپتان شاہد آفریدی پاکستان نہیں پہونچے اور چند روز دبئی میں قیام کا فیصلہ کیا۔ ماہر و تجربہ کار آل راؤنڈر آفریدی توقع ہے کہ آئندہ چند دن میں اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں گے، جنہیں آئی سی سی ورلڈ ٹی۔ 20 ٹورنمنٹ میں اپنے ناقص مظاہرہ پر مختلف گوشوں سے سخت تنقیدوں کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں انہیں اور ان کی ٹیم کو ہندوستان میں پاکستان سے زیادہ محبت حاصل ہونے سے متعلق ان کے تبصروں پر بھی مذمت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شکست خوردہ پاکستانی ٹیم واپسی سے قبل ہی اپنے وطن میں ناراضگی اور برہمی کے جذبات کا انداز کرچکی تھی اور دو مختلف جتھوں کی شکل میں دو الگ الگ ایرپورٹس پہونچے۔ ٹیم مینیجر انتخاب عالم کے ساتھ محمد حفیظ، محمد عرفان، عمر اکمل، وہاب ریاض، احمد شہزاد اور چند دیگر کھلاڑیوں پر مشتمل ایک گروپ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ پہونچا جہاں اُنہیں ’’شرم شرم‘‘ جیسے نعروں کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں برہم استقبال کے پیش نظر کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشنل ایرپورٹ پر سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے جہاں چند گھنٹوں پر دیگر کھلاڑی پہونچے۔ سکیورٹی فورسیس کے اعلیٰ اہلکاروں نے سرفراز احمد، شرجیل خاں، انور خاں اور دوسروں کو اپنے محاصرہ میں لے لیا اور ٹرمینل کے ماہر منتظر کاروں میں سوار کروایا گیا۔ سخت انتظامات کے باوجود ایرپورٹ میں موجود بعض افراد نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کے خلاف برہمی کا مظاہرہ کیا۔ بنگلہ دیش میں ایشیا کپ اور ہندوستان میں ورلڈ ٹی۔20 میں پاکستانی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے سبب کھلاڑیوں کا برہم استقبال کا پہلے ہی اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ ٹی۔ 20 میں پاکستان کو ہندوستان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔